انتقال سے کچھ دن پہلے عامر لیاقت نے اپنے جنازے سے متعلق کیا کہا تھا؟ ویڈیو وائرل

کراچی (قدرت روزنامہ)رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے اچانک انتقال نے لوگوں کو دکھی کر دیا ہے۔عامر لیاقت کے پرانے انٹرویو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس میں انہیں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ انسان کو اس کے جنازے سے پہچانو، اگر میرے جنازے میں لوگوں کی تعداد کم ہوئی تو اس کا مطلب کہ میں اچھا آدمی نہیں تھا لیکن اگر تعداد زیادہ ہوئی تو میں اچھا انسان تھا۔
گزشتہ روز عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں ہوئی، جہاں انکے والدین کی بھی قبریں موجود ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین جمعرات 9 جون کو کراچی میں انتقال کرگئے۔
عامر لیاقت حسین کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد انتقال کی تصدیق کی، جبکہ ان کے ڈرائیور جاوید نے پہلے ہی موت کی تصدیق کردی تھی۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو جب اسپتال لایا گیا تو وہ انتقال کر چکے تھے۔ڈرائیور جاوید کا کہنا تھا کہ گھر میں عامر لیاقت کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا تاہم اندر سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
عامر لیاقت حسین اپنے آبائی گھر خداداد کالونی میں موجود تھے، گھر پر موجود ملازمین دروازہ کھول کر اندر گئے تو وہ بے ہوش حالت میں بستر پر موجود تھے جس کے فوری بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔