’ٹیم محافظ‘ بچوں کو سماجی مسائل سے نمٹنے کا طریقہ کار سکھائے گی، دنانیر مبین

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ دنانیر مبین کا کہنا ہے کہ بچوں پر مبنی پاکستانی اینی میٹڈ سیریز ’ٹیم محافظ‘ بچوں کو سماجی مسائل سے نمٹنے کے طریقہ کار سے آگاہی فراہم کرے گی۔دنانیر مبین نے حال ہی میں جیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس پی آر اور جیو ٹیلیویژن کی نئی پیشکش اینی میٹڈ سیریز ’ٹیم محافظ‘کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ ’یہ سیریز بچوں کو پاکستان کے مختلف سماجی مسائل سے نمٹنے کا طریقہ کار سکھائے گی۔‘اُنہوں نے سیریز میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئےکہا کہ’ان کے کردار ماہ نور کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ حقیقی زندگی کا ایک ایسا کردار ہے جوکہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی سے متاثر ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے کردار کے بارے میں مزید بتایا کہ’ماہ نور تائیکوانڈو کی چیمپئن ہے۔‘اُنہوں نے کہا کہ’جب بچے اس اینی میٹڈ سیریز کو دیکھیں گے، تو وہ یہ جان سکیں گے کہ شو میں دکھائی جانے والی ہر چیز حقیقت میں پاکستان میں پائی جاتی ہے۔‘
دنانیر مبین نے مزید کہا کہ’بچے سیکھیں گے کہ ہمارے معاشرے میں پیدا ہونے والے مختلف مسائل سے کیسے نمٹا جاسکتا ہے۔‘خیال رہے کہ اس سیریز سے دنانیر مبین کے علاوہ کئی معروف اداکار بھی منسلک ہیں، جن میں اداکار وہاج علی، احسن خان، سید شفاعت علی، عادل خان، نیئر اعجاز، اداکارہ سجل علی اور نمرہ رفیق شامل ہیں۔