بھارتی فیشن ڈیزائنر اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئیں
حیدرآباد (قدرت روزنامہ)تامل فلموں کی فیشن ڈیزائنر پِرتھیوشا گَریمیلا حیدرآباد میں واقع اپنے فلیٹ کے باتھ روم میں مردہ پائی گئی ہیں۔
پولیس نے ان کے کمرے سے کاربن مونو آکسائیڈ کی بوتل برآمد کرلی ہے، شبہ ہے کہ پرتھیوشا کی موت اسی گیس کی وجہ سے ہوئی۔پولیس نے فیشن ڈیزائنر کی مشتبہ موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پرتھیوشا ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ متوفی پرتھیوشا نے امریکا سے فیشن ڈیزائننگ کی تعلیم مکمل کی اور حیدرآباد میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔انہوں نے 2013 میں اپنا فیشن برانڈ متعارف کروایا اور جلد ہی مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ گئی تھیں۔