عامر لیاقت نے مرنے کے بعد کونسا گانا دنیا کو سُنوانے کی خواہش کی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایم این اے عامر لیاقت حسین کے اچانک انتقال نے پاکستانی عوام، شوبز و سیاسی شخصیات کو افسردہ کردیا ہے، سوشل میڈیا پر مرحوم کو یاد کرتے ہوئے اُن کی یادگار ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر عامر لیاقت حسین کے ایک پروگرام کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جاتا تھا۔یہ ویڈیو عامر لیاقت حسین کے اُس پروگرام کی ہے جس میں اداکارہ نوشین شاہ اور گلوکار احمد جہانزیب نے بطورِ مہمان شرکت کی تھی۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر لیاقت حسین، گلوکار احمد جہانزیب سے اپنے انتقال کے بعد کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔
عامر لیاقت حسین نے گلوکار سے کہا کہ ’’جب میں اس دُنیا میں نہ رہوں تو آپ میرے لیے یہ گانا ’میرے بعد کس کو ستاؤ گے‘ لازمی گا لینا۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اس گانے سے مجھے سکون ملے گا اور جب میں رہوں گا ہی نہیں تو لوگ کس کو ستائیں گے۔‘عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ ’میرے مرنے کے بعد، کسی کو ڈھونڈ کر رکھنا جسے میری طرح ستا سکو کیونکہ میں دُنیا میں نہیں ہوں گا۔‘
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’جس طرح میں سب کو برداشت کرتا ہوں، ایسے کوئی دوسرا شخص برداشت نہیں کرسکے گا۔‘واضح رہے کہ 9 جون، جمعرات کے روز عامر لیاقت حسین کراچی میں انتقال کرگئے تھے جبکہ 10 جون کو اُن کی تدفین کی گئی۔عامر لیاقت حسین کی زندگی میں سوشل میڈیا پر اُنہیں بےحد تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔