کانگریس رہنما سونیا گاندھی طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل
بھارت (قدرت روزنامہ)بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس المعروف کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو کورونا وائرس سے متعلقہ مسائل کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹری رندیپ سنگھ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سونیا گاندھی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 2 جون کو سونیا گاندھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
سونیا گاندھی سابق بھارتی وزیراعظم راجیو گاندھی کی بیوہ اور پارٹی کی طویل المدت صدر ہیں۔کانگریس پارٹی کو دوبارہ بحال کرنے کا سہرا 76 سالہ سونیا گاندھی ہی کو جاتا ہے کیونکہ 2004 کے انتخابات میں پارٹی نے حیران کن کامیابی حاصل کی تھی۔
الیکشن میں کامیابی کے بعد وہ وزیراعظم بن سکتی تھیں لیکن انہوں نے یہ اعلیٰ ترین منصب ماہرِ معاشیات منموہن سنگھ کو تفویض کیا۔حالیہ برسوں میں سونیا گاندھی نے علاج کی غرض سے کئی بار امریکا کے دورے کیے۔