شکتی کپور کا بیٹا منشیات لینے پر گرفتار
بنگلور (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے سینئر اداکار شکتی کپور کے بیٹے کو منشیات کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق شکتی کپور کے بیٹے سدھانت کپور کو اتوار کی رات بنگلور کے پارک ہوٹل میں منعقدہ ایک پارٹی میں ڈی جے کے طور پر مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کیا تھا۔
ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے پارک ہوٹل میں جاری پارٹی پر چھاپہ مارا اور تقریباً 35 مہمانوں کے نمونے میڈیکل ٹیسٹ کے لیے بھیجے۔
حکام نے بتایا کہ چھ مہمانوں نے منشیات کے لیے مثبت تجربہ کیا اور سدھانت کپور بھی اُن میں شامل تھے۔سدھانت کپور سمیت مزید پانچ افراد کو بھی منشیات کا استعمال کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ واضح نہیں تھا کہ آیا انہوں نے ہوٹل میں منشیات لی تھی یا باہر منشیات لے کر پارٹی میں آئے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل، سدھانت کی بہن شردھا کپور سے 2020 میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد بالی ووڈ اور منشیات کے گٹھ جوڑ کے الزامات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔تاہم گزشتہ ماہ آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز ڈرگز کیس میں کلیئر کر دیا تھا۔