پنجاب کے سرکاری ملازمین کیلئے بجٹ میں خوشخبری

لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب کابینہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے آئندہ مالی سال 2022-2023 کے بجٹ کی منظوری دے دی، کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔ذرائع کے مطابق گریڈ ایک تا 19 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مجموعی طور پر 30 فیصد تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
بجٹ میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ گریڈ ایک تا 19 تک 15 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس بھی دیا جائے گا۔ڈسپیرٹی الاؤنس صرف مخصوص سرکاری محکموں کے ملازمین کو ہی ملے گا جبکہ سیکرٹریٹ اور سی ایم آفس ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد ہی اضافہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بجٹ میں وفاق کی طرز پر 5 فیصد پینشن بڑھائی جائے گی۔خیال رہے کہ پنجاب کا اگلے سال کا بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جبکہ صوبے کے وزیر خزانہ کا نام اب تک سامنے نہیں آسکا ہے۔