اسلام آباد (قدرت روزنامہ) عمران خان نے سپریم کورٹ میں منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی .
درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جائے . الیکشن کمیشن نے 11 مئی کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس کو خارج کیا .
الیکشن کمیشن کا منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز خارج کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے،درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام ثبوت موجود تھے پھر بھی عدم شواہد کی بنیاد پر ریفرنس خارج ہوئے . الیکشن کمیشن کو جمہوریت کی بقا کے لیے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے خلاف فیصلہ دینا چاہئیے تھا .
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن اور راجہ ریاض کو فریق بنایا .
قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی کے 20 منحرف اراکین قومی اسمبلی سے متعلق ریفرنس کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا . الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان قومی اسمبلی سے متعلق ریفرنس خارج کر دیا تھا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 20 منحرف اراکین کے خلاف دائر ریفرنس اتفاق رائے سے خارج کیا تھا .
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے الیکشن کے فیصلے کو انتہائی جانبدارانہ اور متعصبانہ قرار دیتے ہوئے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا . دوسری جانب سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ فیصلہ ضمیر فروشی، اور ہارس ٹریڈنگ کو حلال قرار دینے کا پروانہ ہے . سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے لگ رہا ہے کہ آئین پر عمل نہیں کیا جا رہا .