پاکستان

امریکا: نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کی پاکستانی سفیر سے ملاقات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان کا 15 رکنی وفد امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سفارت خانۂ پاکستان پہنچ گیا، جہاں وفد کے ارکان نے سفیرِ پاکستان سردار مسعود خان سے ملاقات کی۔
وفد میں مسلح افواج، سول سروسز کے سینئر افسران، بنگلا دیش، سری لنکا اور سعودی عرب کے اتحادی حکام بھی شامل تھے۔امریکا میں پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے وفد کو پاک امریکا تعلقات کی تاریخ اور موجودہ صورتِ حال سے آگاہ کیا۔
پاکستانی سفیر نے وفد کو اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے نقطۂ نظر پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وسیع البنیاد ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا پُرامن اور مستحکم افغانستان کے مشترکہ مقاصد کے لیے کام جاری رکھیں گے، افغانستان میں انسانی بحران روکنے کے لیے دونوں ممالک کام جاری رکھیں گے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ دونوں ممالک کی جانب سے اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور دیگر شعبوں پر بھی مشتکہ طور پر کام کیا جا رہا ہے، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، ثقافت میں بھی پاک امریکا تعاون پر کام جاری ہے۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ دونوں ممالک کے لیے دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، آب و ہوا، صحت، توانائی اور تعلیم کا محکمہ بھی یکساں اہمیت رکھتا ہے، پاک امریکا روابط اور تعلقات 75 سال پر محیط ہیں۔
پاکستانی سفیر مسعود خان نے یوکرین کے بحران کے حل کے لیے فعال سفارت کاری کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری انسانی بحران، عالمی بحران کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس بحران کے حل کے لیے یو این چارٹر کے مقاصد اور وعدوں پر اجتماعی ردِ عمل کی ضرورت ہے، پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن و استحکام لانے کے لیے کام کیا ہے۔
امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے یہ بھی کہا کہ پاک امریکا دیرینہ تعلقات میں امریکا میں مقیم تارکینِ وطن کا کردار انتہائی اہم ہے۔واضح رہے کہ امریکا کے دورے پر گیا ہوا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا وفد واشنگٹن میں مختلف امریکی دفاعی و سول اداروں کا دورہ بھی کرے گا۔

متعلقہ خبریں