سعودی عرب کا پاکستانی طلبہ کے لیے بڑا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سعودی عرب نے پاکستانی طلبہ کے لیے 25 جامعات میں وظائف کا اعلان کر دیا ہے . تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جامعات میں داخلے کے خواہش مند طلبہ و طالبات متعلقہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر درخواست دے سکتے ہیں .


ایچ ای سی کے مطابق ڈپلومہ، بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے اسکالر شپس پولیٹیکل سائنس، قانون، ایجوکیشن، ایڈمنسٹریشن ، معاشیات، انجنیئرنگ، کمپیوٹر سائنس، ایگریکلچر، عربی/اسلامک اسٹڈیز اور میڈیا سائنس میں دیے جا رہے ہیں .
اسکالر شپ کے لیے اہلیت کا معیار؟
اسکالر شپ کے لیے درخواست گزار کا تعلق پاکستان یا پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے ہونا چاہیے، 75 فی صد اسکالر شپس پاکستان سے طالب علموں، جب کہ 25 فی صد سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبہ کو دیے جائیں گے .
اسکالر شپ کے لیے مرد و خواتین دونوں درخواست دینے کے اہل ہیں، اسکالر شپ حاصل کرنے والوں کو یونیورسٹی کیمپس میں رعایتی نرخوں پر کھانا، کھیلوں اور تفریح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جب کہ زیر کفالت افراد کے لیے سفری اخراجات میں معاونت بھی کی جائے گی .
سائنس کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ماہانہ 900 سعودی ریال جب کہ آرٹس والوں کو 850 سعودی ریال ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا .
درخواست دینے کا طریقہ کار
طلبہ و طالبات اسکالر شپ کے لیے متعلقہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر درخواست دیں گے، ہر یونیورسٹی مجموعی داخلوں کا 5 فی صد اسکالر شپ دے گی .
درخواست گزار اسکالر شپ کے لیے اپلائی کرنے کے بعد اپنی درخواست پاکستانی سفارت خانے کو ای میل کرے گا، جس کے بعد سفارت خانہ درخواستوں کی منظوری کے لیے متعلقہ یونیورسٹی سے رابطہ کرے گا .
داخلوں کی آخری تاریخ کے وقت بیچلرز پروگرام کے لیے درخواست گزار کی عمر 17 سے 25 سال، ماسٹرز کے لیے 30 سال، اور پی ایچ ڈی کے لیے عمر 35 سال سے کم ہونی چاہیے .
اس حوالے مزید تفصیلات ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں .

. .

متعلقہ خبریں