پری مون سون بارشوں کا سلسلہ کتنے رو ز تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

لاہور(قدرت روزنامہ) محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں پری مون سون بارشوں کے سلسلے میں 22 یا 23 جون کو برسات کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے چند علاقوں میں مون سون بارشوں کی آمد ہو چکی، جبکہ ملک بھر کیلئے پری مون سون بارشوں کے سلسلے کی آمد کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا اسپیل 16 سے 17 جون کوشروع ہوگا،

یہ اسپیل 19 سے 20 جون تک جاری رہے گا۔جبکہ رواں ماہ جون کے آخر یا جولائی کے ابتدائی دنوں میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوسکتا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں کہیں 10 سے 20 فیصد جب کہ کہیں 20 سے 30 فیصد زائد بارشیں ہوسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال کے مون سون سیزن کی پہلی بارش گزشتہ ہفتے بلوچستان میں ہوئی۔اس سے قبل محکمہ موسمیات جولائی، اگست، ستمبر 3 مہینے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر چکا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ میں مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہونگی مون سون کا پہلا مرحلہ یکم جولائی تا اگست کے وسط تک اور آخری مرحلے کا دورانیہ اگست کے وسط سے ستمبر کے آخر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ جولائی سے ستمبر کے دوران ملک میں 140.8 ملی میٹر بارش کا امکان ہے ۔ موسلادھار بارشوں کے دوران سندھ، پنجاب سمیت آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔اس دوران میدانی علاقوں دریاؤں ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے جبکہ معمول سے زیادہ درجہ حرارت سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی شرح میں اضافے کا امکان آبپاشی اور بجلی کے شعبوں کیلئے پانی کی وافر دستیابی کے مؤثر اثر پڑے گا۔