کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کا مالی سال 2022-23 کے لیے 1714 ارب مالیت کا بجٹ پیش کردیا، بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کا شور شرابہ جاری رہا .
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کا مالی سال 2022-23 کے لیے 1714 ارب مالیت کا بجٹ پیش کردیا .
بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین نے مسلسل شور شرابہ جاری رکھا، جس سے بچنے کیلیے وزیراعلیٰ نے ہیڈ فون لگالیے اور اپنی تقریر جاری رکھی .
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ بجٹ کا مجموعی تخمینہ 1714 ارب روپے ہے، جس میں ترقیاتی پروگرام کے لیے 332 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں جب کہ ضلع اے ڈی بی کا حجم 30 ارب مختص کیا گیا ہے .
مراد علی شاہ نے بجٹ کے خدوخال واضح کرتے ہوئے بتایا کہ بجٹ میں مسلسل دوسرے سال کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے جب کہ سرکاری ملازمین کی نتخواہوں میں 15 فیصد اور پنشن میں پانچ فیصد اضافہ کیا جارہا ہے، تاہم اگر کسی صوبے میں تنخواہ 15 فیصد سے زائد بڑھی تو ہم بھی اسی تناسب سے تنخواہ بڑھا دیں گے .