شہزاد اکبر عمران خان کے بروکر تھے، رانا ثنا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو صادق اور امین کا جعلی لقب دیا گیا، شہزاد اکبر حکومت اور وزیراعظم کیلئے بروکر کا کام کرتے تھے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک لفافہ لہرایا اور کہا اس کی منظوری دیں، کابینہ ارکان نے کہا بتا تو دیں اس لفافے میں ہے کیا؟
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ کابینہ کو کہا گیا یہ چھوڑیں کہ اس میں کیا ہے بس منظوری دے دیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے دسمبر 2019 کے کابینہ اجلاس میں بند لفافے میں معاہدے کی منظوری دی۔
رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے عمران خان سے اس معاہدے کے بارے میں استفسار کیا تھا، اُس وقت شہزاد اکبر اِن سارے معاملات کو سنبھالتے تھے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہزاد اکبر نے اپنا حصہ طے کرکے دو نمبری کا ایک طریقہ کار بنایا، مبینہ طور پر انہوں نے اپنا حصہ 5 ارب روپے طے کیا۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ اِن دستاویزات کو پبلک کر رہے ہیں، جو انہوں نے حاصل کیا وہ 5 ارب سے زیادہ بنتا ہے۔شہزادا کبر نے جا کر سارا عمل مکمل کروایا، یہ ہے ان کا صادق و امین ہونا، یہ ہے ان کا مسٹر کلین ہونا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔