لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ میڈیا کے ذریعے اپنے خلاف منی لانڈرنگ کیس کا علم ہوا، جو کرنا ہے کر لو، میرا انتظار کرو میں آ رہا ہوں .
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے دیئے گئے بیان میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے صاحبزادے مونس الہیٰ نے کہا کہ میں پہلے بھی پیش ہوا تھا میں اب پھر پیش ہوں گا .
جوکرنا ہے کر لو. میں پہلے بھی پیش ہوا تھا میں اب پھر پیش ہونگا . میرا انتظار کرومیں آرہا ہوں . #امپورٹڈ__حکومت__نامنظور #FIA
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) June 15, 2022
اس موقع پر جیو نیوز نے بھی مونس الہیٰ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ میں خود ایف آئی اے کے دفتر میں پیش ہونے کیلئے جارہا ہوں . مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت تشدد کرے، مقدمات بنائے لیکن وہ عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے .
ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پہلے نوٹس بھیجتی ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور مجھے میڈیا کے ذریعے اپنے خلاف منی لانڈرنگ کیس کا علم ہوا . سابق وزیر کا کہنا تھا وزارت اعلیٰ کی پیشکش کی گئی، نہ ماننے پر مقدمات بنائے گئے، میں نے مقدمے میں نامزد دیگر لوگوں کے نام پہلی بار سنے ہیں .
انہوں نے مزید بتایا کہ شوگر ملز میں میری سرمایہ کاری اعلانی ہے . واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے . ایف آئی اے لاہور نے مونس الہیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا، ان کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز 2 سال قبل ہوا .
ایف آئی آر کے مطابق مونس الہیٰ کے خلاف شوگر کمیشن نے منی لانڈرنگ کا انکشاف کیا تھا، مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی رپورٹ پر درج کیا گیا .