انوشکا شرما کو غصہ کیوں آیا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے وامیکا کی تصویر بھارتی میڈیا ٹائمز گروپ کے سوشل میڈیا پر شائع کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ انوشکا شرما نے ٹائمز گروپ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شدید غصے کا اظہار اور دوسرے میڈیا ہاؤسز سے کچھ سیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کمنٹ کیا کہ، ’ ایسا لگتا ہے کہ ٹائمز گروپ والدین سے زیادہ بہتر جانتا ہے کہ ان کے بچوں کے لیے کیا بہتر ہے کیونکہ وہ بار بار درخواست کے باوجود تصاویر کلک اور پوسٹ کرنا نہیں چھوڑ سکتے۔ دوسرے میڈیا ہاؤسز اور پاپا رازی سے کچھ سیکھیں‘۔

حال ہی میں مذکورہ ادارے نے انوشکا اور ویرات کوہلی کی بیٹی وامیکا کی تصاویر اس وقت کلک کیں جب وہ والدین کے ہمراہ ساحل پر چھٹیاں گزارنے کے بعد واپس آرہی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقا کے مابین ون ڈے سیریز کے آخری میچ کے دوران وامیکا اسکرین پر نظر آئی تھی جس کے بعد والدین کی جانب سے وامیکا کی تصاویر شیئر کرنے سے منع کیا گیا۔انوشکا شرما اور ویرات کوہلی دونوں ہی وامیکا کے بارے میں بہت حساس ہیں اور اب تک اس کی کوئی تصویر اپنے اکاؤنٹ سے شیئر نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب والدین نے میڈیا سے تصاویر کلک نہ کرنے کی درخواست کی ہو۔ اس سے قبل وہ پاپا رازی سے تصاویر کلک نہ کرنے کی درخواست بھی کرچکے ہیں۔