کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر وسابق ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے جب وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی تواس وقت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریبا ًساڑھے 16ارب روپے تھے شوباز شہباز شریف کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کم ہوئی ہے .
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں قاسم خان سوری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سال کے دورحکومت کے دوران ملک کے اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیا لیکن امپورٹڈ حکومت نے آنے کے ساتھ ہی ترقی کے عمل کو روک کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے .
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت کوئی بھی ملک امپورٹڈ حکومت کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار نہیں ہے امپورٹڈ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے نہیں بلکہ این آر او لینے کیلئے اقتدار میں آئی ہے
ان سے ملک چلایا نہیں جارہا ہے اور آئے روز پٹرولیم مصنوعات،بجلی،گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے تو دوسری طرف بجلی کی 18سے 20گھنٹے کی طویل ترین لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں اورشدید گرمی میں عوام کو برحال ہے .
انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل ملک میں صاف اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد ہے . قاسم خان سوری نے کہا کہ عوام نے موجودہ نا اہل اور امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کردیا ہے انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف بلوچستان سمیت ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے دوبارہ حکومتیں قائم کریگی .
. .