این اے 240: لانڈھی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخابات کے دوران ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 240 میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور غیرسرکاری غیرحتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم پولنگ کے دوران نامعلوم افراد کی ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 60 سالہ سیف الدین کے نام سے ہوئی۔
ڈائریکٹر جناح اسپتال شاہد رسول کے مطابق لانڈھی میں فائرنگ ،ایک شخص کی لاش لائی گئی ہے، مختلف علاقوں سے 4 زخمیوں کو لایا جاچکا ہے جاں بحق شخص اور چاروں زخمیوں کو گولیاں لگی ہیں۔قبل ازیں کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے کارکنان لڑ پڑے تھے۔
لانڈھی میں ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کے کارکنان کے درمیان جھگڑا ہوا بعدازاں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور پی ایس پی کے کارکنان بھی گتھم گتھا ہوگئے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ انیس قائمخانی کی گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع کی تصدیق کی جارہی ہے علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔علاوہ ازیں لانڈھی 6 نمبر میں امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر رینجرز کی بھاری نفری کا گشت جاری ہے۔
ٹی ایل پی کارکنوں نے سیدھی فائرنگ کی، مصطفیٰ کمال
پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا کہ ٹی ایل پی کے کارکنان نے سیدھی گولیاں چلائیں، متعدد لوگ شدید زخمی ہیں، ہمارے مرکزی کیمپ پرفائرنگ کی گئی اس وقت پولیس موجود نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ ابھی میں نے رینجرز کو صورتحال سے آگاہ کیا ہے یہ ہار رہے تھے اس لئے انوں نے فائرنگ کی۔
کمال اینڈ کمال کی کمپی باہر کے لوگوں کو لانڈھی لیکر آئی، امین الحق
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق کا کہنا ہے کہ ہم پرامن طریقے سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، کمال اینڈ کمال کی کمپنی باہر کے لوگوں کو لانڈھی لے کر آئی اور جھگڑے کے دوران ہمارے درجنوں کارکنان زخمی ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تین بجے کے بعد ہنگامہ آرائی اور پولنگ رکوانے کی کوشش کی گئی، ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم ماضی کی طرح دوبارہ کامیاب ہوگی۔
امین الحق نے کہا کہ پولیس موجود ہے اور روکنے کی بھی کوشش کررہی ہے لیکن ایک جتھہ مختلف پولنگ اسٹیشنز پر جاکر تشدد، بیلٹ پیپرز چھیننے کی کوشش کررہا تھا۔