ایف اے ٹی ایف پر اندازوں پر مبنی رپورٹنگ نہ کی جائے، حنا ربانی کھر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پر اندازوں پر مبنی رپورٹنگ نہ کی جائے ۔
حنا ربانی کھر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’ایف اے ٹی ایف کا مکمل اجلاس برلن میں جاری ہے، ایف اے ٹی ایف آج شام میٹنگ کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کرے گا‘۔


انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’ایف اے ٹی ایف پر نتائج، قیاس آرائی یا اندازوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کیا جانا چاہیے‘۔
حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ ’حکومتِ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر ہفتے کی صبح وزارت خارجہ کے دفتر میں ایک میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا ہے‘۔
واضح رہے کہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِخزانہ کے بجائے وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کر رہی ہیں۔
ایف اے ٹی ایف اجلاس کا آخری دن
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں جاری ایف اے ٹی ایف اجلاس کا آ ج آخری روز ہے، اجلاس کے اختتام پر آج ممالک کے گرے لسٹ سے متعلق اسٹیٹس کا اعلان ہوگا۔پاکستان بھی ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالے جانے کا منتظر ہے۔
پاکستان نے اس بار سفارتی سطح پر ممبر ممالک کے سامنے غیر رسمی طور پر اپنی پوزیشن واضح کی ہے، پاکستان پُرامید ہے کہ نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔