’مس مارول‘ پاکستان میں کب پیش کی جائیگی؟ نیا شیڈول جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈزنی پلس پردکھائی جانے والی ’ مس مارول ’ کا پاکستان میں پیش کیے جانے کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔
چھ اقساط پرمشتمل یہ سیریز 16 جون سے پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جانی تھیں تاہم اب یہ شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔ڈائریکٹرشرمین عبید چنائے نے نیا شیڈول انسٹااسٹوریزپرشیئرکیا ہے۔

تبدیل شدہ شیڈول کے مطابق پہلی 2 اقساط آج رات 17 جون کو ، دوسری اورتیسری یکم جولائی کو اورپانچویں چھٹی اقساط 15 جولائی کو دکھائی جائیں گی، خاص بات یہ ہے کہ تمام اقساط ریلیز کے بعد مسلسل ایک ہفتے تک سینما گھروں میں لگی رہیں گی۔

مس مارول کا پریمیئر4 جون کو لاس اینجلس میں ہوا تھا جس میں پاکستان سے مہوش حیات، نمرہ بچہ، ثمینہ احمد ، وردہ عزیز اورساگرشیخ نے سیریز کی ڈائریکٹرشرمین عبید چنائے کے ساتھ شرکت کی۔
ویب سیریز ’’مس مارول‘‘ کی کہانی سپر ہیرو کمالہ خان کے گرد گھومتی ہے۔یہ پہلا موقع ہے جب ہالی ووڈ کی کسی بھی ویب سیریز کی کہانی کا مرکزی کردارمسلمان اورپاکستانی نژاد لڑکی ہے۔
اس سیریز میں ایمان ویلانی 16 سالہ کمالہ خان کے روپ میں نظر آئیں گی جو جرسی سٹی کی رہائشی ہے۔

کمالہ خان ایک ابھرتی ہوئی آرٹسٹ، گیمر اور فیکشن کی شوقین ہیں جو ایک سپر ہیرو کے طور پر ابھر کر اپنی راہ میں آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرتی ہے۔
ٹریلر میں کمالہ خان کی پاکستان سے نسبت کو بھی کئی طرح سے اجاگر کیا گیا، کئی جگہ وہ شلوار قمیض میں ملبوس نظر آئی جبکہ کچھ دیسی ڈانس موو بھی کیے۔

مارول اسٹوڈیوز کی اس ویب سیریز کی ہدایات عالمی اعزاز آسکرجیتنے والی پاکستانی فلم ساز اور سماجی کارکن شرمین عبید چنائے نے دی ہیں۔

شرمین عبید چنائے کے ساتھ مزید تین نامور ہدایت کارعدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرا مینن نے دی ہیں۔