FATF نے تسلیم کرلیا پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، امتیاز شیخ
کراچی (قدرت روزنامہ)وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ FATF نے تسلیم کرلیا پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے۔ FATF ایکشن پلان کی تکمیل پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ حکومت اور عسکری قیادت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل سول اور عسکری اداروں کی کامیابی ہے، عمران حکومت کے خاتمے کے بعد ملک پر چھائے سیاہ بادل چھٹنے لگے۔
انہوں نے کہا کہ اب معاشی خوشحالی،ترقی اور استحکام کے نئے دور کا آغاز ہوگا کیونکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے غیر ملکی دوروں پر طنز کرنے والوں نے نتیجہ دیکھ لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات کی مثال ‘کھسیانی بلی کھمبا نوچے’ والی ہے۔واضح رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے صدر نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کے وفد کے دورہ پاکستان سے مشروط کر دیا۔
ایف اے ٹی ایف کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے تمام شرائط پوری کردیں اور تمام 34 نکات پر عمل کرلیا ہے جب کہ پاکستان نے دونوں ایکشن پلان پر وقت سے پہلے عمل درآمد کیا۔
فیٹف اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے بھرپور اور بہتر اقدامات کیے اور ایف اے ٹی ایف کی ٹیم بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، کورونا کی صورتحال دیکھ کر پاکستان کا دورہ کریں گے۔خیال رہے کہ پاکستان کو 2018 میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ایف اے ٹی ایف نے گرے لسٹ میں ڈالا تھا۔