عمران صاحب عوام آپ کا جھوٹا اور منافق چہرہ پہچانتی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات اور ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب عوام آپ کا جھوٹا اور منافق چہرہ پہچانتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ سازشی بیانیہ دفن ہونے کے بعد 25 مئی کا بھگوڑا اب اپنی دی ہوئی مہنگائی پر فساد پھیلانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ملکی مفاد کو چند ہیروں کے عوض بیچنے والے کی کال پر کیوں نکلیں؟ عوام جھوٹے فتنہ، منافق اور چور کی کال پر کیوں نکلیں؟۔


ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقتدار میں آئی ایم ایف سے کمزور معاہدہ کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلیں؟، آٹا 35 سے 90 روپے اور چینی 52 سے 120 روپے کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلیں؟۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام پولیس والوں کو گولیاں مارنے والوں اور ملک کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی ہرزہ سرائی کرنے والوں کے ساتھ کیوں نکلیں؟۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کی معاشی سمت درست کر رہی ہے، کوئی خونی اور فسادی احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔