عامر لیاقت کی قبر کُشائی پر اُشنا شاہ بول پڑیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے عامر لیاقت حسین کی قبر کُشائی کے حکم پر شدید ردّعمل دیا ہے۔
اُشنا شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’اس شخص کو اب اس دُنیا سے جانے کے بعد تو آرام کرنے دو‘۔


اداکارہ نے کہا کہ ’قبر سے عامر لیاقت حسین کا جُسدِ خاک نکالنا، اُن کے بچوں کو مزید اذیت دے گا‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’وہ پہلے ہی کافی اذیت سے گزر چکے ہیں‘۔
اس سے قبل اُشنا شاہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’عامر لیاقت حسین کو ایک عورت نے عوامی طور پر برہنہ کر دیا تھا جس سے اُنہوں نے قانونی طور پر شادی کی تھی، وہ بےعزت ہو کر دُنیا سے چلے گئے‘۔
اداکارہ نے کہا تھا کہ ’جس کسی نے بھی ان ویڈیوز کو شیئر کیا، ان کا مذاق اُڑایا، ان پر ہنسا، اُن سب کے ہاتھوں پر عامر لیاقت کا خون ہے اور ہمارے ہاتھوں پر بھی اُن کا خون ہے‘۔
واضح رہے کہ عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔
کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔