نیب کا خوف ختم، سندھ حکومت کی مشینری اور افسران فعال ہوگئے

کراچی (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران نیب کی جانب سے افسران کی گرفتاریوں، انکوائریوں اور دفتر طلب کرکے تذلیل کے عمل سے سندھ حکومت کی بیورو کریسی مفلوج ہوکر رہ گئی تھی جس کا ذکر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں بھی کیا تھا۔ تاہم میاں شہبازشریف کے وزیر اعظم بننے اور نیب کے حوالے سے حکومتی پالیسی میں تبدیلی کے بعد نیب کا خوف ختم ہوگیا ہے ۔
سندھ حکومت کی سرکاری مشینری اور افسران بھی فعال ہوگئے ہیں، جو افسران فائلوں پر دستخط کرنے سے پہلے ڈر رہے تھے، اب معمول کے مطابق سرکاری فرائض انجام دے رہے ہیں. اس صورتحال کا سب سے زیادہ فائدہ ٹھیکیداروں کو ہو رہا ہے جن کی ادائیگیاں رکی ہوئی تھیں تیزی سے ہونے لگی ہیں جبکہ رکے ہوئے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی تیزی سے کام شروع ہوگئے ہیں۔
جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک افسر کا کہنا تھا کہ نیب کو کنٹرول کرنے سے افسران کو حوصلہ ملا ہے اور اب بلاخوف و خطر کام کررہے ہیں۔ایک افسر کا کہنا تھا کہ گریڈ 20کے افسر کی نیب کا گریڈ 18کا افسر تذلیل کرتا تھا اور کوئی انکوائری ہو تو نیب سندھ حکومت کے افسران کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کرتا تھا، گھنٹوں گھنٹوں نیب کے دفتر میں بیٹھا کر رکھنا پھر روز انکوائری کے لئے بلانا .
اس صورتحال میں سندھ حکومت کی بیورو کریسی نے فائلوں پر دستخط کرنے چھوڑ دئیے تھے اور سرکاری فرائض بھی سرانجام دینے میں خوفزدہ تھے،تاہم ملکی سیاسی صورتحال تبدیل ہونے کے بعدسندھ حکومت کے بیورو کریٹ سرکاری فرائض انجام دینے کے لئے فعال ہوگئے ہیں۔