پاکستان

بارشوں سے کراچی سمیت بڑے شہروں میں سیلاب کا واضح خطرہ ہے: شیری رحمٰن

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں سیلاب کا واضح خطرہ ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں وفاقی وزیرِ ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے ممکنہ تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے صوبائی محکمے مربوط حکمتِ عملی اختیار کریں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کم از کم اگست 2022ء تک مون سون بارشیں ہوں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں بارش معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ اس موسمِ برسات میں ملک میں معمول سے زیادہ بارشوں کا رجحان رہے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے وسطی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔
وفاقی وزیرِ ماحولیاتی تبدیلی نے مزید کہا ہے کہ بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی بہت زیادہ امکان ہے، جس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔شیری رحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیش گوئیاں ہیں کہ پاکستان کو 2010ء والی سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں