وزیراعظم کا IMF سے مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، جس کے مطابق اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا آئی ایم ایف سے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعلق عالمی مارکیٹ سے ہے، امید ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے۔
وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ جلد معاشی بحران پر قابو پالیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیرِ خواجہ سعد رفیق نے سیاسی بنیادوں پر تقرر و تبادلوں کی مخالفت کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کچھ عرصے کے لیے آئے ہیں، ہمیں کام کرنا چاہیے، ہمیں سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔