این اے 245 ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا امیدوار کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا

کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر اپنا امیدوار سامنے لے آئی ہے . تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اسی فیصلے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے محمود مولوی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے .


مولوی محمود نے آج اپنے کاغذات نامزدگی صوبائی الیکشن کمیشن جمع کرائے اس کے علاوہ پی ایس پی کے حفیظ الدین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے .
مولوی محمود کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی رہنماؤں میں ہوتا ہے، وہ پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر کے فرائض بھی سر انجام دے چکے ہیں، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں وہ مشیر برائے وزارت ساحلی امور بھی رہ چکے بعد ازاں انہیں معاون خصوصی برائے بحری امور مقرر کیا گیا .
واضح رہے کہ این اے 245 پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے، جس پر ضمنی انتخاب 27 جولائی کو ہوگا . یاد رہےکہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت 9 جون کو اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی .
الیکشن کمشنر کا ایس ایس پی شرقی کو خط
ادھر این اے245ضمنی انتخاب سے متعلق الیکشن کمشنر ندیم حیدر نے ایس ایس پی شرقی کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ این اے 240 میں مسلح حملوں سےایک شخص جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے، واقعے کو مدنظر رکھتے ہوئے27 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخاب کا سیکورٹی پلان تیار کیا جائے .
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیس کو پولنگ اسٹیشنز کا سروے کرکے جامع پلان مرتب کرنا چاہیے اور سیکورٹی پلان میں پرتشدد واقعات سے نمٹنےکی حکمت عملی کو مدنظر رکھا جائے .

. .

متعلقہ خبریں