مشرقی بلوچستان میں PDMA کا آج سے موسلادھار بارش کا الرٹ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمۂ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق آج دوپہر کے بعد خضدار، بارکھان، لسبیلہ، کوہلو، دکی میں بارش کا امکان ہے، جبکہ شیرانی، سبی، آواران، تربت اور ساحلی پٹی میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش سے ان علاقوں میں سیلابی ریلوں کا خطرہ ہے، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ندی نالوں کی صورتحال مانیٹر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے الرٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ جنوب مغربی بلوچستان شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں رہے گا، دالبندین، چاغی، تفتان، واشک میں دوپہر کو درجۂ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ قلعہ عبداللّٰہ، پاک افغان سرحدی علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ہوسکتا ہے۔