کورونا نیب نے پھیلایا ہے ، اس الزام کے علاوہ ہم پر سب لگ چکے ہیں ، چیئرمین نیب تقریب کے دوران کھل کر بول پڑے

لاہور(قدرت روزنامہ)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ سوائے اس کے کہ کورونا نیب نے پھیلایا ہے ، باقی تمام الزامات ہم پر لگ چکے ہیں ،ہم اپنے قول و فعل کیلئے رب کے سامنے جواب دہ ہیں ۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میں جانتا بھی نہیں کہ 90 فیصد کیسز کس کے خلاف ہیں ، نیب کسی کے خلاف بے بنیاد کیس نہیں بناتا، اگر آپ کے ساتھ نیب نے زیادتی کی ہے تو عدالت جائیں اور بتائیں کہ زیادتی ہوئی ہے ،دھمکی رشوت یا الزام کچھ بھی ہو نیب نے اپنا کام کرتے رہنا ہے ۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ جب نیب پلی بارگین کرتا ہے تو قانون کے مطابق کرتا ہے ،پلی بارگین کی حتمی منظوری عدالت دیتی ہے ،اگر کسی ریجن میں زبردستی پلی بار گن کرائی ہو تو سزا کیلئے تیار ہیں ،پلی بارگین کا نظریہ ہمارے قانون میں ہی نہیں ، دیگر ممالک میں بھی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام چیزیں ایک طرف مگر نیب لوگوں کی حق حلال کی کمائی پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا، کرپشن کے خلاف کام کرتے ہیں تو تنقید کا سامنا ہوتا ہے ، تعمیری تنقید ہوگی تو نیب کو فائدہ ہوگا۔