ملک میں مہنگائی 13 سال کی بلند ترین سطح پر، شرح 21.32 فیصد

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ملک میں جون کے مہینے میں مہنگائی بلند ترین سطح 21.32فیصد پر پہنچ گئی ،جو 13 سال سے زائد عرصے کی بلند ترین شرح ہے،مئی 2022کے مقابلے میں جون 2022میں مہنگائی میں 6.34فیصد اضافہ ہوا ،مرغی ، آٹے اور سبزیوں کی قیمت میں کمی، پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق کنزیومر پرائس انڈکس( سی پی آئی ) کے تحت دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 6.57فیصد اور شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 6.19فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا .
گزشتہ مالی سال22- 2021کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح12.15فیصد رہی ، اعدادو شمار کے مطابق خوراک اور بیوریجز کی قیمت میں 5.49فیصد ، تلف پذیر اشیا ء میں 5.40فیصد ، غیر تلف پذیر اشیاءکی قیمتوں میں 5.51فیصد ، تمباکو 7فیصد ، کپڑے اور جوتوں کی قیمت میں 2.34فیصد اضافہ ہوا، ہائوسنگ ، پانی ، بجلی ، گیس اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں 7.70فیصد ، صحت کے شعبے میں 1.23فیصد ، ٹرانسپورٹ 24.39فیصد ، تعلیم کے شعبے میں 0.25فیصد ، ریسٹورنٹ اور ہوٹلز کے شعبے میں 5.79فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا .
مئی کے مہینے کے مقابلے میں جون میں جن اشیا ء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آلو کی قیمت میں 34.64فیصد ، انڈے 19.98فیصد، دال مسور 17.42فیصد ، سرسوں کا تیل 17.39فیصد ، دال چنا 14.3فیصد ، ثابت چنا 13.62فیصد، گندم 13.3فیصد ، گھی 12.86فیصد ، چاول 11.67فیصد، بیسن 9.36فیصد ، ٹماٹر 9.3فیصد، دودوھ 8.18فیصد، خوردنی تیل 7.91فیصد ، پھل 7.69فیصد اضافہ ہوا.
دیگر اشیا میں بجلی کی قیمتوں میں 51.80فیصد ، گاڑیوں کے ایندھن میں 37.13فیصد ، جوتوں کی قیمتوں میں 8.82فیصد، سیٹشنری 8.29فیصد ، تعمیراتی شعبے میں 5.26فیصد ، گاڑیوں کے پرزہ جات 4.40فیصد ، پلاسٹک 3.87فیصد ،صابن 3.80فیصد اور قالین کی قیمتوں میں 3فیصد اضافہ ہوا جن اشیا ء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں مرغی کی قیمت میں 7.83فیصد ، گندم کا آٹا 3.76فیصد اور سبزیوں کی قیمت میں 3.5فیصد کمی ریکارڈ کی گئی .

.

.

متعلقہ خبریں