افغان تنازع میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی ، اٹلی ، ہالینڈ اور فرانس کے سفیروں کی ملاقات، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور یورپی یونین کے ساتھ تعاون پر بھی بات چیت ہوئی ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ،افغان تنازع میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں ،ہماری واحد خواہش افغانستان میں امن واستحکام ہے ،پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے ،مشترکہ مفادات پر مبنی یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سفیروں نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ۔