دعا زہرا کی میڈیکل رپورٹ منظرعام پر آگئی

کراچی (قدرت روزنامہ) پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں دعا زہرا کی عمر 15 سے 16 سال بتائی جاتی ہے.تفصیلات کے مطابق دعا زہرا کی میڈیکل رپورٹ منظرعام پر آگئی، جس میں میں بتایا گیا کہ دعا زہرا کی جسمانی عمر14سے15سال ، دانتوں کی عمر13 سے 15 سال اور ہڈیوں کی عمر 16 سے 17 سال ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی مشاورت سے طے پایا عمر 15 سے 16 سال بنتی ہے ، حتمی رپورٹ پرچیئرمین سمیت10ممبران کے دستخط موجود ہیں۔اس سے قبل دعا زہرا کے والد کے وکیل ناٖصر جبران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعا زہرا کا میڈیکل ہوگیا ہے اور میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ بورڈ نے رپورٹ میں دعا زہرا کی عمر15سال کےقریب بتائی ہے ، آج عدالت سے رپورٹ کی تصدیق شدہ کاپی وصول کریں گے ، سندھ اور پنجاب کے قانون میں 15 سال کی عمر میں شادی نہیں ہوسکتی۔تفتیشی افسر اور سندھ پولیس کو کہتا ہوں ملزم ظہیر کو گرفتار کیاجائے، ہم آج عدالت میں کل سماعت کیلئےدرخواست دیں گے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ دعا زہرا کے عمر کے تعین کے لیے بون ٹیسٹ سمیت دیگر ٹیسٹ ہوئے تھے ، جس کے بعد میڈیکل رپورٹ میں دعا زہرہ کی عمر 16 سے 17 سال بتائی گئی تھی۔
بعد ازاں والد کاظمی مہدی نے دعا زہرا کی میڈیکل رپورٹ کو عدالت میں چیلنج کردیا تھا، وکیل کا کہنا تھا کہ ہڈیوں کے ذریعے عمر کے تعین کیلئے میڈیکل ٹیسٹ حتمی نہیں ہوتا۔