فلموں کے ری میک بنانے کے بجائے نئے خیالات سامنے لانے پر توجہ دینی چاہیے، نیل نِتن مکیش

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف بالی ووڈ اداکار نیل نتن مکیش کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کو پرانی فلموں کے ری میک بنانے کے بجائے نئےخیالات سامنے لانے پر توجہ دینی چاہیے۔
نیل نتن مکیش نے حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس فلموں کی مختلف اقسام ہیں، جیسے نفسیاتی تھرلرز، سیاسی تھرلرز، ہارر تھرلرز وغیرہ۔اُنہوں نے کہا کہ ہم ان اقسام کی تلاش کیوں نہیں کر رہے؟ ہم اب بھی اصل آئیڈیاز اور مواد کے ساتھ آنے کے بجائے پرانی فلموں کو دوبارہ بنا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں، ہمارے پاس بہت سارے نئے آئیڈیاز ہیں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم ان پر بہت محتاط انداز سے کام کرنے کے طریقے کو ترجیح دیتے ہیں۔
نیل نتن مکیش نے فلم انڈسٹری میں شہرت کے حصول کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ شوبز میں مجھے تھوڑا سمجھدار ہونا ہوگا اور توازن برقرار رکھنا ہوگا، سچ تو یہ ہے کہ ناصرف ہماری انڈسٹری میں بلکہ فلمی مداحوں کے درمیان بھی ایک اداکار کے بارے میں عمومی تاثر اس کی مالی کامیابی ہی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جہاں مجھے جیل جیسی فلم کا حصہ بننا پسند ہے، وہیں میں پلیئرز اور پریم رتن دھن پایو جیسی تفریحی اور کمرشل فلموں میں کام بھی کروں گا۔
خیال رہے کہ نیل نتن مکیش نے سائنس فکشن تھرلر فلموں ’آ دیکھ ذرا‘، ’جیل‘ اور’تیرا کیا ہوگا جانی‘ میں کام کیا ہے۔اُنہیں شہرت 2009ء میں ریلیز ہونے والی کمرشل فلم ’نیو یارک‘ سے ملی، اس فلم میں ان کے ساتھ اداکار جان ابراہم اور اداکارہ کترینہ کیف نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔