کے-الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا

کراچی (قدرت روزنامہ)کے-الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جو یکم جولائی 2022ء سے نافذ العمل ہے۔ترجمان کے-الیکٹرک کے مطابق نئے شیڈول کے اعلان کا اقدام اُن صارفین کے لیے کیا جارہا ہے، جن کو حالیہ دنوں میں شب کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کا سامنا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق بڑھتے درجہ حرارت اور ایندھن کی فراہمی میں کمی کے باعث کے۔الیکٹرک کے زیر خدمت علاقوں میں شارٹ فال جو 250-350 میگاواٹ ہوا کرتا تھا، بڑھ کر 450-500 میگاواٹ تک جا پہنچا ہے۔ترجمان کے-الیکٹرک کے مطابق لوڈشیڈنگ کا شیڈول روزانہ کی بنیاد پر نافذ العمل ہے، نیٹ ورک پر ضروری دیکھ بھال یا تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ نہ دی جائے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ سال کے-الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کی جانب سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی تھی اور اب کم ہوکر تقریباً 90 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی ہے۔ترجمان کے مطابق کے-الیکٹرک کے سسٹم میں سائٹ اور ایک کورنگی میں واقع 2 پاور پلانٹس غیر فعال ہیں، جن کی مشترکہ پیداوار 200 میگاواٹ ہے۔
ترجمان کے-الیکٹرک کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے رات کی لوڈشیڈنگ کو مزید کم کرنے کے لیے اضافی بجلی، گیس فراہمی کا وعدہ کیا ہے، جس پر ہم اُن کے مشکور ہیں۔ترجمان کے مطابق ہم اپنے صارفین کو ہونے والی زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں، جہاں ہم احتجاج کے حق کا احترام کرتے ہیں، وہیں ہم اپنے شہریوں سے امن برقرار رکھنے کی درخواست بھی کرتے ہیں۔
ترجمان کے-الیکٹرک کے مطابق گزشتہ 30 دنوں کے دوران کے۔الیکٹرک کے مختلف دفاتر احتجاج کا نشانہ بنے ہیں، جس سے ہماری شہر میں کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے، پچھلے 24 گھنٹے میں اوسط بجلی کی فراہمی تقریباً 2900 میگاواٹ رہی۔