بابر غوری کی گرفتاری پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرینگے: وکیل

کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے خود ساختہ جلا وطن رہنما اور سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر خان غوری کے وکیل بیرسٹر شبیر شاہ کا کہنا ہے کہ بابر غوری کی گرفتاری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
بابر غوری کی گرفتاری پر ان کے وکیل بیرسٹر شبیر شاہ نے جاری کیے گئے بیان میں یہ بات کہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بابر غوری کے خلاف جو مقدمات سامنے تھے، ان میں انہوں نے حفاظتی ضمانت کروا لی تھی۔بیرسٹر شبیر شاہ کا مزید کہنا ہے کہ بابر غوری کے خلاف چھپے ہوئے مقدمات کی تفصیلات کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بابر خان غوری اپنے خلاف تمام مقدمات کا سامنا کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ شب بابر خان غوری کو کئی سال بعد وطن واپس لوٹتے ہی کراچی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا، وہ گزشتہ 7 سال سے مختلف کیسز میں مطلوب تھے۔
کراچی پولیس نے سابق وفاقی وزیر کی گرفتاری کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق بابر خان غوری گزشتہ (4 جولائی کی) رات پونے 10 بجے امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 602 سے کراچی پہنچے تھے۔امیگریشن کے مراحل طے کر کے وہ جونہی ایئر پورٹ سے باہر آئے تو انہیں حراست میں لے لیا گیا۔