4سال کی عمر سے جنسی ہراسانی کا شکار رہی،نادیہ جمیل کا انکشاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل، جنہوں نے اپنے جنسی استحصال کی آزمائش کے بارے میں بہت آواز اٹھائی تھی، نے ٹویٹر پر ایک بار پھر اس معاملےکا ذکر کیا ہے۔
اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویبسائٹ ٹویٹر پر لکھاکہ ’پہلی بار جب مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تو میں چار سال کی تھی، پھر 9 اور پھر جب نشانہ بنایا تو میں 17، 18 سال کی تھی‘۔
نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’مجھے گہرے ڈپریشن، اداسی، خوف اور شرمندگی سے لڑنے میں برسوں لگے‘۔


2018 میں، قصور کے ہولناک واقعے کے بعد جہاں ایک آٹھ سالہ بچی کی عصمت دری کی اور قتل کیا گیا ، بہت سی مشہور شخصیات اس معاملے پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرنے کے لیے آگے آئیں۔
نادیہ ان اولین لوگوں میں سے ایک تھیں جنہوں نے اس معاملے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور اس واقعے کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ مجھے ہمارے ڈرائیور، اعلیٰ تعلیم یافتہ اشرافیہ خاندان کے بیٹے سمیت کئی افراد نے متعدد بار جنسی استحصال کا نشانہ بنایا۔