آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا، عمران خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا۔ میں اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا۔عمران خان نے مزید کہا کہ سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوان میرے بچوں کی طرح ہیں۔
لاہور میں ملکی سیاسی صورتحال پر سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن پر ہر ایک سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن پر جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنہیں مسلط کردیا گیا ہے، ڈر ہے کہ وہ ملک کا کیا حال کر دیں گے، مجھے اپنی نہیں ملک کی فکر ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آج عوام جن مشکلات سے دوچار ہیں ان کے لیے آواز بلند کر رہا ہوں۔ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ معیشت اور ملک کے ہر بحران کا بہتر حل الیکشن ہیں۔