نمرہ خان نے شادی کو بچانے کی بہت کوشش کی تھی، نوشین شاہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اداکارہ نمرہ خان کے سابق شوہر اعظم کی جانب سے نمرہ کیلئے تحقیر آمیز الفاظ استعمال کرنے پر نوشین شاہ چُپ نہ رہ سکیں۔نوشین شاہ نے راجا افتخار اعظم کی جانب سے نمرہ کیلئے کہے گئے الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’ میں معذرت خواہ ہوں لیکن نمرہ کے سابق شوہر کی ویڈیو نے مجھے بولنے پر مجبور کردیا ہے، اب میں خاموش نہیں رہ سکتی۔‘نوشین شاہ نے لکھا کہ ’نمرہ کے گھر میں نے اس شخص سے اور اسکی والدہ سے ملاقات بھی کی تھی۔‘

نوشین شاہ کا بتانا ہے کہ ’راجا اعظم شراب کا عادی تھا، گالم گلوچ اور بدتمیزی بھی کرتا تھا۔‘انہوں نے لکھا کہ مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ نمرہ نے اس جاہل آدمی کیلئے کیا کچھ نہیں کیا اور کیا کچھ نہیں سہا، اس نے اپنی شادی بچانے کی پوری کوشش کی۔

نوشین شاہ نے لکھا کہ مجھے بےحد خوشی ہے کہ وہ اپنے لیے کھڑی ہوئی، فیصلہ لیا اور اس پر قائم بھی رہی کیونکہ نمرہ کی شادی ایک زہر کی مانند تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر نمرہ خان کے سابقہ شوہر کی ایک ویڈیو زیرگردش تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ نمرہ اور وہ طلاق یافتہ ہیں، انہوں نے نمرہ سے چھٹکارا حاصل کیا کیونکہ وہ محض ایک سر درد تھی۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ برس 21 اپریل کو نمرہ خان نے راجا افتخار اعظم سے خاموشی سے نکاح کرلیا تھا۔بعد ازاں اداکارہ کی جانب سے شوہر کے ہمراہ کئی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی جاتی رہیں تاہم چند ماہ بعد انہوں نے ان تمام تصاویر کو اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیا۔

حال ہی میں نمرہ خان نے طلاق سے متعلق ایک شو میں بات کرنے سے انکار کردیا تھا، لیکن بس یہ کہا تھا کہ والدین ان کیلئے اچھے رشتے کی تلاش میں ہیں۔