سپریم کورٹ آخری امید ہے، شیخ رشید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آخری امید ہے، اس کے بعد مرکز اور صوبے میں عدم اعتماد لانا ہوگا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ ضمیر کے سوداگر آصف زرداری نے سیاسی اور معاشی بحران خطرناک بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ایسی سیاست سے نفرت ہے جہاں ارکان کی خرید و فروخت کی منڈی لگتی ہے۔


شیخ رشید کا کہنا ہے کہ لاہور میں سارا کام پلاننگ کے تحت ہوا ہے، ان کی جیت بھی ان کی ہار ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دو خاندانوں میں لڑائی نواز شریف خاندان کے لیے بھی پیغام ہے، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار صرف اپنے کیسوں سے بچنے کے لیے ہے۔


ان کا مزید کہنا ہے کہ قوم دیکھ لے کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہیں، فضل الرحمٰن خانہ جنگی کے بیان دے رہے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ڈالر 250 کا ہوگیا تو 10 کروڑ پاکستانی غربت کی لپیٹ میں آجائیں گے۔