کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ ہائیکورٹ میں سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کے خلاف درخواست دائرکردی گئی . درخواست تحریک انصاف کے رہنما اشرف جبارقریشی کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف پیش کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 29 اپریل 2022 کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کیا تھا .
تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گیے ہیں .
وکیل درخواست گزارنے مؤقف اپنایا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے شیڈول کے خلاف مختلف درخواستیں دائرکی گئی تھیں . ان درخواستوں کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے لاء آفیسر نے کہا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ختم کرنے کے 120 بعد نئے انتخابات کرانے ہوتے ہیں .
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے لاء آفیسر نے مزید کہا تھا کہ 2700 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، الیکشن کمیشن کے لا آفیسر کے مطابق 3 سو ملین بیلٹ پیپرز چھپ چکے ہیں 5 سو ملین روپے خرچ ہوچکے ہیں .
اشرف جبار قریشی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کردی تھیں . جس کے بعد 20 جولائی کو الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کردیا ہے . الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم اور پپلزپارٹی کے ساتھ مل کر بدنیتی کے ساتھ الیکشن ملتوی کیے ہیں .