منی لانڈرنگ کیس؛ مونس الہی کی عبوری ضمانت کنفرم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بنکنگ جرائم عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الہی کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔
تفصیلات کے ممطابق بنکنگ جرائم عدالت میں منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی، محمد خان بھٹی اور واجد بھٹی کی عبوری ضمانتوں پرکیس کی سماعت ہوئی۔
بنکنگ جرائم عدالت کے جج اسلم گوندل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں مقدمے کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔
پراسیکیوٹر نے اپنے مؤقف میں عدالت سے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔ ملزم مونس الٰہی سمیت دیگر مقدمہ میں شاملِ تفتیش نہیں ہوئے۔
پراسیکیوٹر نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ ملزمان کے آزاد رہنے سے مقدمہ کے ریکارڈ میں رد و بدل کیے جانے کا خدشہ ہے۔ ملزمان سے تفتیش مکمل کرنے کیلئے گرفتاری درکار ہے۔پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ مونس الٰہی، محمد خان بھٹی، واجد بھٹی کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔
بینکنگ جرائم کورٹ نے فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مونس الہیٰ سمیت دیگر کے خلاف 24 ارب کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ضمانت کنفرم کی۔مونس الہیٰ کی جانب سے امجد پرویز ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔