مزید بارشوں کی پیشگوئی، وزیراعظم کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دے دی ہے۔
ہباز شریف نے شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم کو صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور معاونت کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ نشیبی علاقوں کے عوام کی جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ کو پیغام دیا کہ مشکل صورتحال میں سندھ حکومت کو وفاق ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ نشیبی منتخب نمائندے متعلقہ اداروں کے ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی موثر نگرانی کریں۔واضح رہے کہ کراچی میں تیز بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خطرہ بتایا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں چند گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے جبکہ تیز بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ بھر سمیت کراچی میں موسلادھار بارشوں کے سبب اربن فلڈنگ کا بھی اندیشہ ہے جس کے سبب محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ بھر میں مون سون کے نئے سسٹم کے تحت تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، ایسے موسم میں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ درختوں، سائن بورڈز اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔