کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ حکومت کے ترجمان اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہا کراچی میں بارش کے بعد اہم سڑکیں اور انڈر پاسز ٹریفک کے لیے صاف ہیں .
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر قائد میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے متعلق لکھا کہ کراچی میں صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تک صورتحال قابو میں ہے .
Its been raining constantly in Karachi since early morning. However the situation so far has been under control. All main roads and underpasses remain clear for traffic. Water piled up on the side of the roads will be brushed out
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) July 24, 2022
جاری کردہ ٹوئٹ میں مرتضی وہاب لکھتے ہیں کہ اہم سڑکیں اور انڈر پاسز ٹریفک کے لیے صاف ہیں . نہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کے کناروں پر جمع پانی کو صاف کیا جائے گا .
واضح رہے کہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے اب تک ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے . محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلبرگ، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے .
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لانڈھی، کورنگیِ نصیر آباد، یونیورسٹی روڈ، ملیر، پی آئی بیاور ناظم آباد میں بھی ہلکی بارش ہورہی ہے . محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں چند گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے جبکہ تیز بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے .
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ سندھ بھر سمیت کراچی میں موسلادھار بارشوں کے سبب اربن فلڈنگ کا بھی اندیشہ ہے جس کے سبب محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے .
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ بھر میں مون سون کے نئے سسٹم کے تحت تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، ایسے موسم میں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ درختوں، سائن بورڈز اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں .