کراچی میں بارش، سڑکوں پر پانی جمع، نالے اور گڑھے عوام کیلئے بڑا خطرہ

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی بادلوں کے نرغے میں آگیا، کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔شدید بارش سے جمع پانی میں سے گاڑیاں گزرنا دشوار ہوگیا، موٹر سائیکلیں بند ، نالے اور گڑھے عوام کے لیے بڑا خطرہ بن گئے۔
تیز بارش سے ضلع وسطی کی کئی سڑکیں تالاب میں بدل گئیں، شیر شاہ سوری اور ملحق سڑکوں پر ندیاں بہہ گئیں۔ملیر، قائدآباد، گلستان جوہر، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، صدر، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، ڈیفنس میں بھی بارش ہوئی۔
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ شام میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا، جو مزید 3 یا اُس سے زائد گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔صبح سے جاری رم جھم پھوار نے شہریوں کا موڈ بدل دیا ہے، چھٹی اور موسم کا لطف لینے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے نکل پڑے۔
شہر میں سی ویو پر بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں جبکہ فوڈ اسٹریٹس اور کھانے پینے کی دکانوں پر بھی عوام کا رش ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے بارش کے اعداد شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق سب سے زیادہ بارش قائد آباد میں ریکارڈ کی گئی۔اس کے بعد اورنگی ٹاؤن، پی اے ایف مسرور بیس، کیماڑی، گلشن حدید، ناظم آباد، نارتھ کراچی میں موسلادھار بارش ہوئی۔