اگر طالبان نے طاقت سے اقتدار حاصل کیا تو افغانستان کی امداد بند کر دیں گے ، جرمنی نے واضح کردیا

برلن (قدرت روزنامہ)جرمنی نے طالبان کو طاقت کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے پر افغانستان کو دی جانے والی امداد بند کرنے کی دھمکی دے دی، جرمنی کی جانب سے افغانستان کیلئے سالانہ 504 ملین ڈالرز کی امداد دی جاتی ہے ۔

ٹی آر ٹی ورلڈ کے مطابق جرمن وزیر خارجہ کے مطابق اگر طالبان بزور طاقت اقتدار حاصل کرتے ہیں تو جرمنی امداد بند کر دے گا اور طالبان اس حقیقت سے واقف ہیں کہ اگر عالمی امداد بند کر دی جائے تو افغانستان اپنا وجود برقرار رنہیں رکھ سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر طالبان مکمل کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں اور شریعہ قوانین متعارف کراتے ہوئے خلافت قائم کرتے ہیں تو ہم ایک سینٹ ( ایک یورو کا 100واں حصہ ) بھی مزید نہیں بھیجیں گے ۔واضح رہے کہ جرمنی افغانستان کو امداد بھیجنے والے بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہے ۔مئی کے مہینے سے غیر ملکی فوجوں کے افغانستان سے انخلاءکے بعد طالبان کی پیش قدمی جاری ہے ۔ طالبان کی جانب سے 12صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے ، ان میں افغانستان کا دوسرا بڑا شہر قندھار بھی شامل ہے ۔

طالبان کی جانب سے ملک کے 85فیصد حصے پر قبضے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے ۔