حکومت میں شامل لوگوں نے خود کو 11 سو ارب روپے کا NRO دیا: شبلی فراز

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ حکومت میں شامل لوگوں نے خود کو 11 سو ارب روپے کا این آر او دیا، یہ لوگ نہیں چاہتے کہ ان کا احتساب ہو۔

شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ یہ لوگ اپنی سیاہ کاریاں چھپانے کے لیے اقتدار میں آتے ہیں، یہ لوگ ملک کو سری لنکا جیسی حالت میں لے آئے ہیں، ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک کو بحران سے نکالا جائے اور نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے 30 سال حکومت کرنے کے بعد اخلاقیات پامال کیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کرپشن چھپانے کے لیے ان لوگوں نے اپنے آپ کو این آر او دیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کا ایک مقصد اداروں کو فعال کرنا اور قانون کی بالادستی ہے۔شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مطالبہ کیا کہ نئے انتخابات کا فوری اعلان کیا جائے۔