کراچی میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش جاری

کراچی (قدرت روزنامہ)24 جولائی کی شب شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ تاحال تھمنے کا نام نہیں لے رہا جبکہ کراچی میں آج بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے . ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، اورنگی ٹاؤن، ملیر، ایئر پورٹ، ماڈل کالونی، قائد آباد، کورنگی، کلفٹن، اولڈ سٹی ایریا، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش جاری ہے جبکہ صدر میں ایک بار پھر تیز بارش شروع ہوگئی ہے .


آئندہ بارشوں سے متعلق ماہرِ موسمیات کا کیا کہنا ہے؟
ماہرِ موسمیات جواد میمن نے بتایا ہے کہ مون سون سسٹم نے کراچی کے اوپر سے گزر کر مکران کے ساحل کو متاثر کیا ہے، اب یہ سسٹم بحیرۂ عرب میں بلوچستان ایران اور عمان کے قریب ہے، مون سون کا کم دباؤ کمزور ہو کر سرکولیشن میں تبدیل ہو گیا ہے .
انہوں نے بتایا کہ سسٹم آگے بڑھتے ہوئے بھی اپنے پھیلاؤ کے باعث مزید اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے باعث آج اور کل کراچی سمیت سندھ کے اکثر مقامات پر تیز اورمعتدل بارش کا امکان ہے، آج دوپہر یا شام میں یہ سرکولیشن سندھ میں داخل ہو سکتا ہے .
ماہرِ موسمیات جواد میمن کے مطابق اس سسٹم کے تحت بلوچستان میں بھی بارشوں کا امکان ہے، بالائی علاقے میں راجستھان کے قریب ایک نیا کمزور سرکولیشن بھی بن گیا ہے .
کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مطلع ابر آلود رہنے، معتدل اور تیز بارش کا امکان ہے، شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے .
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی شہر کا آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران درجۂ حرارت زیادہ سے زیادہ 29 سے31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے . کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا موجودہ تناسب 86 فیصد ہے .
کراچی میں بارش کے دوران 12 اموات
شہرِ قائد میں صرف 1 روز کی بارش میں 12 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں .
بیشتر افراد ڈوبنے سے یا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے . مرنے والو ں میں باپ، بیٹی اور کمسن بچہ بھی شامل ہے .
بارش کا پانی کہاں کہاں جمع ہے؟
شہرِ قائد میں بارش کے بعد شہر کی زیادہ تر سڑکیں صاف ہو گئیں، تاہم بعض سڑکوں پر اب بھی پانی جمع ہے . کلفٹن کے چوہدری خلیق الزماں روڈ پر پانی کی نکاسی نہ ہو سکی، اسی طرح ڈیفنس فیز 4 کی سڑکوں اور گھروں میں بارش کا پانی جمع ہے .
ڈیفینس میں خیابانِ نشاط، کمرشل ایریا، فیز 6 کے کچھ علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہے . علاوہ ازیں اولڈ سٹی ایریا اور ٹاور میں بھی بارش کا پانی جمع ہے .
بارش کے پانی سے گلشنِ اقبال 13 ڈی کا نالہ اوور فلو ہو گیا . یونیورسٹی روڈ پر نیپا پل اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے سامنے بھی پانی موجود ہے . محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بدھ تک معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے .

. .

متعلقہ خبریں