عمران خان دو تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے، فیصل جاوید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان دو تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیس جو ہے یہ کیس ہی نہیں ہے، اس کیس کی سماعت مکمل تیس منٹ کی تھی اور فیصلہ آجانا چاہیے تھا لیکن عدالت نے حکومت کو بہت وقت دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کے مطابق ووٹ دیا؟ ان تمام ممبران نے ووٹ دیا یہ تھا سارا کیس، جب ان سے رنز نہیں بن پا رہے تھے تو وہ میچ چھوڑ کر بھاگ گئے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ جب عمران خان کے خلاف فیصلہ آیا تو وہ آرام سے گھر چلے گئے، عمران خان نے پھرعوام سے رجوع کیا، اب یہ چیخیں نکال رہے ہیں ان کا کام ہی دو نمبری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ یہ بار بار میچ کھیلیں ان کو ہر بار شکست ہو گی، ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ آئیں اور الیکشن لڑیں، عمران خان دو تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے۔