سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے دستے امدادی سرگرمیوں میں مصروف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے دستے سول انتظامیہ کے امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دستے ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ شہری سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں .


آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں پانی کو صاف کرنے اور متاثرہ آبادی کو بنیادی غذائی ضروریات اور طبی امداد فراہم کرنے میں مسلسل مصروف ہیں .
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی ڈی واٹرنگ ٹیمیں ضلع جامشورو، گھارو گرڈ اسٹیشن اور جنوبی کراچی سمیت شاہراہ فیصل اور نیپا چورنگی، لسبیلہ، تربت اور کوئٹہ میں سیلاب کی امدادی کارروائیاں کررہی ہیں .
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی ٹیموں نے طبی سہولیات سمیت ریلیف کیمپ قائم کیے اور مقامی رہائشیوں میں ضروری خوراک اور راشن تقسیم کیا . آئی ایس پی آر نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف اسٹینڈ بائی اور رسپانس ٹیمیں سندھ اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر تعینات ہیں .
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے دستوں اور موبائل میڈیکل ٹیموں نے جامشورو، گھارو، کیماڑی اور نیپا چورنگی کے علاقوں میں سینکڑوں مقامی لوگوں کو امدادی سامان اور مفت ادویات فراہم کیں . آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس کے علاوہ، طبی ٹیم نے بلوچستان کے کوئٹہ، تربت اور لسبیلہ میں بھی 1500 سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی .

. .

متعلقہ خبریں