مونس الہٰی نے اگلا ہدف بتا دیا

لاہور (قدرت روزنامہ)نو منتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے، مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے اگلا سیاسی ہدف بتا دیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں مونس الہٰی نے کہا ہے کہ اللّٰہ پاک کے فضل سے ایک مشن پورا ہو گیا اب دوسرے مشن کے لیے تن من دھن کی بازی لگائیں گے۔


انہوں نے کہا ہے کہ ان شاء اللّٰہ عمران خان کو واپس وزیرِ اعظم کی کرسی پر لے کر آئیں گے۔واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی نے گزشتہ شب ایوانِ صدر میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا ہے۔
اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرویز الہٰی سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں فواد چوہدری، پرویز خٹک، مونس الہٰی اور دیگر شریک تھے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دے دی تھی جبکہ پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ قرار دیا تھا۔