سیاسی عدم استحکام ڈالر کا ریٹ بڑھنے کی بنیادی وجہ ہے: مفتاح اسماعیل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام ڈالر کا ریٹ بڑھنے کی بنیادی وجہ ہے، جب راتوں کو سیاسی صورتِ حال تبدیل ہو تو دن میں مارکیٹ ایسے ہی اثر دکھاتی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جے پی مورگن نے پاکستان میں بونڈز میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے، جے پی مورگن کی سرمایہ کاری سے بین الاقوامی سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی۔
وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جی ٹو جی قوانین کے تحت پاکستان خریداری کر سکتا ہے فروخت نہیں، اب جی ٹو جی قوانین میں تبدیلی سے پاکستان فروخت بھی کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ جی ٹو جی فروخت کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کی اصل وجہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہے، جو تاریخ کا دوسرا بلند ترین خسارہ ہے، امپورٹس کی حوصلہ شکنی سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بہتر کریں گے۔
اُن کا کہنا مزید کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کے دور میں 178 روپے کا ڈالر بھی درست قیمت نہیں تھی، اگر تحریکِ انصاف ڈالر کی قیمت ٹھیک رکھتی تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ نہ بڑھتا۔مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ پیٹرول کا ریٹ ڈیڑھ سو کرنے کی احسن اقبال کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا۔